ترجمہ : روما محمود
ریاستِ قطر اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کا لیک لوسرن سربراہی اجلاس کے اختتام، اور ریاستہائے متحدہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی شرکت کے ساتھ پہلی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کے فریم ورک کے تحت اعلیٰ سطحی مذاکرات کا پہلا دور برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں اختتام پذیر ہو گیا ہے، جس میں اسلامی جمہوریہ ایران، ریاستہائے متحدہ امریکہ، اور دونوں ثالث فریقین، ریاستِ قطر اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
لیک لوسرن سربراہی اجلاس ایک مثبت اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا۔ اس دوران حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے جس میں مزید تکنیکی مذاکرات کے لیے ایک طریقہ کار (مکینکزم) کی تشکیل بھی شامل ہے۔
مفاہمتی یادداشت (MoU) کو بنیاد بناتے ہوئے، فریقین نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا ہے، جو ثالثی پر سیاسی نگرانی فراہم کرے گی۔ چیف مذاکرات کار باقاعدگی سے اعلیٰ سطحی کمیٹی کو رپورٹ کریں گے اور ایٹمی امور، پابندیوں، اور مفاہمتی یادداشت کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ایک مانیٹرنگ اور تنازعات کے حل کے گروپ کے ساتھ ساتھ دیگر امور پر توجہ مرکوز کرنے والے ورکنگ گروپس کی قیادت کریں گے۔
اعلیٰ سطحی کمیٹی نے 60 دنوں کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے، جس نے مزید تکنیکی مذاکرات کے فوری آغاز کی بنیاد رکھ دی ہے۔ مزید برآں، آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہازوں کے محفوظ گزرنے کے مقصد کے ساتھ، حادثات اور غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے مفاہمتی یادداشت کے پیراگراف 5 میں مذکورہ مدت کے لیے فریقین کے درمیان ایک مواصلاتی لائن قائم کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، فریقین نے لبنان میں مفاہمتی یادداشت کے مطابق فوجی کارروائیوں کے خاتمے کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے، فریقین اور جمہوریہ لبنان کے درمیان، ثالثوں کی سہولت کاری سے، ایک ڈی-کنفلکٹ (تنازعات کے خاتمے کے) سیل کے قیام پر اتفاق کیا۔ تمام امور پر تکنیکی مذاکرات برگن اسٹاک ریزورٹ میں ہفتے کے بقیہ دنوں میں جاری رہیں گے۔
ثالث فریقین اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے کہ مذاکرات حتمی معاہدے تک پہنچنے کے مقصد کے ساتھ ایک تعمیری ماحول میں آگے بڑھتے رہیں۔
ریاستِ قطر اور اسلامی جمہوریہ پاکستان، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی سفارت کاری اور تنازع کے پرامن حل کے لیے ان کے جاری عزم پر ان کا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ثالث فریقین جاری مذاکرات میں مسلسل تعاون اور قیمتی شراکت داری پر برادر اور دوست ممالک کو بھی سراہتے ہیں۔
لوسرن
22 جون 2026
151/2026

Comments